کراچی میں خسرہ تیزی سے پھیلنے لگا، اسپتالوں میں روزانہ درجنوں کیسز رپورٹ
جیو نیوز کے مطابق کراچی میں خسرہ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث درجنوں بچے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ سندھ انفیکشیئس ڈیزیز اسپتال میں خسرہ کے 17 مریض موجود ہیں، جن میں 8 بچے ایک سال سے کم عمر کے ہیں، جبکہ قومی ادارہ برائے امراضِ اطفال میں روزانہ 6 سے زائد متاثرہ بچے ایمرجنسی میں لائے جا رہے ہیں۔ سول اسپتال میں روزانہ 4 سے 6 نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، جہاں 12 مریض زیر علاج ہیں، جبکہ عباسی شہید اسپتال میں 6 اور قطر اسپتال اورنگی میں رواں سال اب تک 12 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ طبی ماہرین کے مطابق خسرہ ایک وائرل بیماری ہے جو زیادہ تر بچوں کو متاثر کرتی ہے اور قوت مدافعت کو شدید نقصان پہنچاتی ہے، جبکہ شدت اختیار کرنے پر جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔ اس کی ابتدائی علامات میں نزلہ، زکام، کھانسی اور جلد پر خارش شامل ہیں۔ ماہرین صحت نے والدین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ بچوں کی بروقت ویکسینیشن کرائیں تاکہ اس خطرناک بیماری سے محفوظ رہا جا سکے۔