قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر فخر زمان نے ریٹائرمنٹ، کرکٹ سے وقفے اور بیرون ملک منتقلی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر دوبارہ کرکٹ میں واپسی کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ انجری میں بہتری آ رہی ہے اور ڈاکٹرز نے تین ہفتے بعد ٹریننگ شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی میں شرکت ممکن نہ ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق کسی بھی پوزیشن پر کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ بھارت کے خلاف میچ پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ وہ تینوں فارمیٹس میں کھیلنا چاہتے ہیں، مگر کوچ اور کپتان کی اپنی حکمت عملی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں خود کو بلے باز سے زیادہ ایک بہتر بولر بھی قرار دیا۔
