کراچی میں ایک اور افسوس ناک واقعہ
نیٹی جیٹی پل پر خوفناک ٹریفک حادثے میں تیز رفتار ٹرالر نے گاڑی، موٹر سائیکل اور رکشے کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں معروف صنعت کار محمد اشرف اور ان کے بیٹے نوید محمد اشرف جاں بحق ہو گئے، جبکہ عثمان محمد اشرف اور رکشہ ڈرائیور شمس الحسن زخمی ہو گئے۔ تصادم کے بعد گاڑی پل کی آہنی رکاوٹ توڑ کر نیچے لوہے کے پائپوں پر جا گری، جبکہ حادثے کے باعث پل پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد ڈیفنس میں مقیم تھے اور اپنی فیکٹری اشرف انٹرپرائز جا رہے تھے۔ حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، تاہم پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔