کم سونا یا نیند نہ آنا کئی بیماریوں کی جڑ اور نفسیاتی بیماریوں کی سب سے بڑی وجہ ہے،ماہرین

طبی ماہرین نے کہا ہے کہ کم سونا یا نیند نہ آنا تمام علاج اور تھیراپیز کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے، نیند کی خرابی نفسیاتی عوارض پی ٹی ایس ڈی، ڈپریشن، انزائٹی میں مرکزی کردار ادا کرتی ہے

یہ باتیں انہوں نے ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج میں ” سلیپ میڈیسن کے جائزے” کے عنوان سے منعقدہ سیشن میں کہیں

ماہرین نے نیند کی اہمیت سے متعلق کہا کہ رات کو سونا انتہائی ضروری ہے، اگر آپ 2 د ن نہ سوئیں توآپ بیمار ہوسکتے ہیں، رات کو نہ سونا انسان کو کئی بیماریوں سے دوچار کردیتاہے لیکن آج کل یہ فیشن بن گیاہے کہ رات کو جاگنا اچھا سمجھا جاتا ہے جبکہ یہ صحت کے لیے بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے،

اپنے لیکچر کے دوران، ڈاکٹر منصور احمد نے بتایا کہ نیند ، جسمانی، ذہنی اور جذباتی فعالی کےلیے اہم ہے، کم سونا یا نیند نہ آنا تمام علاج اور تھیراپیز کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے۔ ڈاکٹر منصور احمد نے ایک تحقیق کا جائزہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ 5سے 6 کروڑ امریکی شہری نیند کی دائمی خرابی، بے خوابی، سونے میں رکاوٹیں، ریسٹ لیس لیگز، بشمول شفٹ ورک سنڈروم، نارکولیپسی اور موڈ کی خرابی کا شکار ہیں، ان کا کہنا تھا کہ سلیپ ڈِس آرڈر کی تشخیص مشکل نہیں ہے،اس کے باوجود اس سے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد کی تشخیص نہیں ہوتی، انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اسکریننگ ٹولز کا استعمال، عوامی سطح پر آگاہی اور ماہرین کو تربیت دینے کی ضرورت ہے

انہوں نے نیند کے دورانیے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوزائیدہ کی نیند 19 گھنٹے، ٹین ایجرز 10 سے 12 جبکہ بالغ افراد کو 7 سے 8 گھنٹے کی نیند لینی چاہیے،انہوں نے نیند کے 3 اسٹیجز بھی بتائے، ڈاکٹر منصور احمد نے بتایا کہ صبح میں جتنے بھی روڈ ایکسیڈنٹ ہوتے ہیں اس کی بڑی وجہ نیند میں کمی ہے کہ ڈرائیور رات کو سویا نہیں یا اس نے کم ایک سے 2 گھنٹے نیند کی، انہوں نے امریکا کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی پولیس سالانہ ایک لاکھ حادثات رپورٹ کرتی ہے، جن میں سے 4 فیصد اموات ہوجاتی ہیں، انہوں نے کہ ناسا چیلنجر ٹریجڈی جس میں 7 اموات ہوئی تھیں، اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ناسا کے 2 منیجرز 23 گھنٹے سے جاگے ہوئے تھے اور اس سے ایک روز قبل بمشکل 3 گھنٹے سوئے تھے، انہوں نے بتایا کہ الاسکا والڈیز آئل ٹینکر کریش کی بھی کچھ یہی وجوہات تھیں، ڈاکٹر منصور احمد نے بتایا کہ نیند کی خرابی بہت سی بیماریوں سے منسلک ہے،

اپنا تبصرہ لکھیں