امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا 16سالہ دور بد ترین حکمرانی کا دور ہے ، کراچی صوبے کے بجٹ کا بھی 90فیصد سے زیادہ حصہ فراہم کرتا ہے ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ گیس کے نرخوں میں 53.5فیصد اضافے اور کے الیکٹرک کے 7سالہ ڈالر بیسڈ جنریشن ٹیرف کا فیصلہ واپس لیا جائے ، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کر کے فرانزک آڈٹ کرایا جائے اور کراچی کو این ٹی ڈی سی سے براہ ِ راست بجلی فراہم کی جائے ، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ختم کی جائے
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ٹینکرز کے بجائے گھروں کے نلکوں میں پانی دیا جائے ، میڈیکل کالجوں میں داخلے کے خواہش مند ہزاروں طلبہ و طالبات کو سندھ حکومت کی نا اہلی اور بد انتظامی کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے ، داخلے کے پورے عمل کو صاف و شفاف بنایا جائے ،پرچہ لیک سمیت بد انتظامی کے ذمے داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے