کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث جلدی امراض تیزی سے پھیلنے لگے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ریش، اسکن الرجی، گرمی دانے اور فنگل انفیکشن کے مریضوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آ رہا ہے۔ جناح اور سول اسپتال میں یومیہ 600 سے زائد مریض جلدی مسائل کے ساتھ رپورٹ ہو رہے ہیں، جبکہ اسکن اسپتال صدر میں روزانہ مریضوں کی تعداد 5 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ماہرین نے خود علاج (سیلف میڈیکیشن) سے گریز اور صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ ہلکے اور کھلے کپڑے پہنیں، پسینے کے بعد جلد صاف کریں اور علامات ظاہر ہونے پر فوری ماہر امراض جلد سے رجوع کریں۔
