کراچی سمیت سندھ بھر میں ملیریا کے کیسز میں تیزی سے اضافہ، ہزاروں کیسز رپورٹ
سندھ میں ملیریا کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، رواں سال اب تک 20 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق کراچی میں 201، حیدرآباد ڈویژن میں 7,702، لاڑکانہ میں 6,499، سکھر میں 1,835، میرپورخاص میں 1,398 اور شہید بینظیرآباد میں 2,422 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ تشویشناک طور پر، حیدرآباد میں دماغی ملیریا کا ایک کیس بھی سامنے آیا ہے، جو ملیریا کی خطرناک ترین اقسام میں سے ہے۔ ماہرین صحت کے مطابق دماغی ملیریا فوری علاج نہ ہونے کی صورت میں جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ محکمہ صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور بخار کی صورت میں فوری طبی معائنے کی ہدایت جاری کی ہے۔