وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن چاہتی ہے ہم حکومت چھوڑ دیں تاکہ ملک میں کوئی جمہوری قوت باقی نہ رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دریائے سندھ پر نہروں کی تعمیر کا منصوبہ حکومتِ پنجاب کے گرین انیشیئیٹو کا حصہ ہے، جسے پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صدرِ مملکت کے پاس کسی منصوبے کی منظوری کا اختیار نہیں، وہ صرف پالیسی اسٹیٹمنٹ دیتے ہیں، اور انہوں نے اس منصوبے پر اعتراض بھی ریکارڈ کروایا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ، پنجاب اور کے پی کے عوام دریائے سندھ کے مساوی وارث ہیں اور تمام فیصلے باہمی مشاورت سے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے یہ بھی یاد دہانی کروائی کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے 27 دسمبر کو اس منصوبے کے خلاف دوٹوک مؤقف اپنایا تھا.
