میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار میں 7.7 اور 6.4 شدت کے دو طاقتور زلزلوں نے تباہی مچا دی، جس کے بعد چھ ریاستوں اور علاقوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی۔ بگو ریجن میں ایک مسجد منہدم ہونے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ نائپیداو کے بڑے اسپتال کو “ماس کیجولٹی ایریا” قرار دیا گیا، جہاں درجنوں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ مندالے سمیت مختلف شہروں میں عمارتیں گر گئیں اور سڑکوں پر ملبہ بکھر گیا۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں 30 منزلہ زیر تعمیر عمارت گرنے سے 43 مزدور ملبے تلے دب گئے، جبکہ زلزلے کے جھٹکوں سے عوام خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ بینکاک میں میٹرو اور لائٹ ریل سروس معطل کر دی گئی، جبکہ وزیر اعظم نے شہر کو آفت زدہ قرار دے دیا۔ زلزلے کے اثرات چین تک محسوس کیے گئے، جہاں یونان اور سیچوان میں متعدد مکانات تباہ اور کئی افراد زخمی ہو گئے۔
