پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ فاسٹ بولرز کی کارکردگی انفرادی طور پر نمایاں ہو رہی ہے، مگر بطور بولنگ یونٹ وہ مؤثر ثابت نہیں ہو رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر تینوں فاسٹ بولرز ایک ساتھ بہترین کارکردگی دکھائیں تو ٹیم کے لیے زیادہ فائدہ مند ہوگا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ حارث رؤف نے ایک میچ میں شاندار بولنگ کی، مگر دیگر بولرز مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جدید کرکٹ میں 160 کا اسکور ناکافی ہے، اب ٹیموں کو 180 یا 200 سے زائد رنز درکار ہوتے ہیں۔ شاہین آفریدی بدقسمت رہے کیونکہ ان کی گیندوں پر ٹاپ ایج لگا مگر وکٹ حاصل نہ ہو سکی۔ بولنگ کوچ کے مطابق نیوزی لینڈ میں چیلنجز کا سامنا رہا، لیکن ٹیم کی کوشش ہوگی کہ سیریز 3-2 پر ختم کی جائے۔
