کراچی میں ہیوی ٹریفک کی بنیادی وجہ متبادل راستے کی عدم دستیابی ہے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اگر ناردرن بائی پاس ٹھیک ہوجائے تو شہر میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ روکا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی بلا تفریق عوامی خدمت میں مصروف ہے اور فنڈز کی غیرمنصفانہ تقسیم کا تاثر غلط ہے۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ ایک قومی مسئلہ ہے، جبکہ شہر کے مسائل کا حل صرف نمائشی اقدامات کے بجائے سخت اور دانشمندانہ فیصلوں میں مضمر ہے۔ انہوں نے گورنر کے مالیاتی اعلان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ نو روز گزرنے کے باوجود کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں فنڈز تاحال منتقل نہیں ہوئے۔
