پاکستان میں ماحولیاتی تحفظ کے شعور کو اجاگر کرنے کے لیے ارتھ آور منایا گیا، جس کے تحت ایک گھنٹے کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ، ایوان صدر سمیت اہم سرکاری عمارتوں کی روشنیاں بجھا دی گئیں۔ لاہور میں واپڈا ہاؤس، کراچی میں مزارِ قائد، پشاور میوزیم اور بلوچستان اسمبلی کی لائٹس بھی بند کی گئیں۔ ارتھ آور کا مقصد عوام میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف شعور بیدار کرنا اور پائیدار طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں پاکستانی عوام کو زمین کے تحفظ کے لیے متحد ہونے کی دعوت دی۔ ارتھ آور 2007 میں متعارف کروایا گیا تھا اور تب سے یہ ہر سال مارچ کے آخر میں منایا جاتا ہے۔
