گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ٹرمپ انتظامیہ سے وابستہ امیدیں پوری نہ ہو سکیں اور مایوسی میں بدل گئیں۔ کراچی میں سحری کے موقع پر انہوں نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا کہ بین الاقوامی مدد طلب کرنے کے بجائے اللّٰہ تعالیٰ سے معافی مانگے، کیونکہ بے روزگار اور بے گھر افراد کی بددعائیں اثر انداز ہو رہی ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کارکنان کو ایم کیو ایم میں شمولیت کی دعوت دی اور کہا کہ گورنر ہاؤس میں کیے گئے ترقیاتی وعدے پی ٹی آئی کے وزیرِاعظم کے تھے، جو پورے نہ ہو سکے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے گورنر سندھ کی عوامی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر ایک گورنر اتنے کام کر سکتا ہے تو ایم کیو ایم کے پاس وزارتِ اعلیٰ آنے پر مزید ترقیاتی اقدامات ہوں گے۔ اس دوران ایک خاتون کی شکایت پر گورنر نے انہیں انصاف اور ان کے بچوں کی تعلیم کا یقین دلایا۔
