پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ بابر اعظم اور محمد رضوان کو ٹی ٹوئنٹی جبکہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف کو ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کر دیا گیا۔ سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان اور شاداب خان کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ محمد رضوان بدستور ون ڈے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ قیادت میں یہ تبدیلی آئندہ ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025 اور ورلڈ کپ 2026 کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔ فخر زمان اور صائم ایوب کو طبی مشورے کے پیش نظر اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔
