پی سی بی انٹرکلب ٹورنامنٹ اسلام آباد ریجن کے مزید چار میچز کا فیصلہ ہو گیا

اسلام آباد کے الیون اسٹار کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں ’جنون کرکٹ کلب‘ نے ’پنجاب کرکٹ کلب‘ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پنجاب کلب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 40 اوورز میں 186رنز کا ہدف دیا۔ جنون کلب کے بولر ارسلان قیصر 3 وکٹیں جبکہ عمر حمید دو وکٹیں لے کر نمایاں بولرز رہے۔ جواب میں جنون کرکٹ کلب نے ایک وکٹ کے نقصان پر 17ویں اوور میں مقررہ ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔ جنون کرکٹ کلب کے اسامہ خان نے 49 گیندوں پر 106رنز کی دھواں دار انگز کھیلی جبکہ مزمل عنایت نے 49 گیندوں پر 81 رنز بنائے۔

اسلام آباد کے ینگ کیپیٹل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ’جے جیز کرکٹ کلب‘ نے ’دی کرکٹرز کرکٹ کلب‘ کو 147 رنز سے ہرا دیا۔ جے جیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز کا ہدف دیا۔ جے جیز کے جواد انجم نے 89 گیندوں پر 115رنز بنائے جبکہ سید سہیل شاہ نے 58 رنز بنائے۔ جے جیز ٹیم کے 280 رنز کے تعاقب میں کرکٹرز کلب کی ٹیم 133رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ عبدالواسع نے 3 وکٹیں جبکہ عمر شہزاد، انس خالد اور جونیئر عمر شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ینگ کیپیٹل کرکٹ گراؤنڈ میں ہی کھیلے گئے تیسرے میچ میں ’آل لکی اسٹار‘ نے ’جذبہ کرکٹ کلب‘ کو85 رنز سے شکست دے دی۔ آل لکی اسٹار کے آصف محمود 93 گیندوں پر 120 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

الیون اسٹار کرکٹ گراؤنڈ میں چوتھے میچ میں ’اسلام آباد لائنز‘ نے ’جوز کرکٹ کلب‘ کو چار وکٹوں سے ہرا دیا۔ اظفر مرزا نے پانچ اوورز میں 42 رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انٹرکلب چیمپیئن شپ کے میچز ملک بھر میں کھیلے جا رہے ہیں جس کا مقصد گراس روٹ کرکٹ کو فروغ دینا ہے۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کے وژن کے تحت ڈائریکٹر ڈومیسٹک خرم نیازی ملک بھر میں انٹرکلب ٹورنامنٹ کا انعقاد کروا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں