پاک ایران تعلقات میں بڑی پیشرفت، ایران کے صدر رواں ماہ پاکستان کا دورہ کریں گے

ایران کے صدر ابراہیم رئیسی پہلے غیر ملکی سربراہ حکومت ہوں گے جو موجودہ پاکستانی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی 22 اپریل کو وفد کے ساتھ پاکستان پہنچیں گے، ایرانی صدرکے دورہ پاکستان کیلئے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان بنیادی امور طے پا چکے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ایرانی صدر دورہ پاکستان میں صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی صدر کے دورہ پاکستان کے دوران دو طرفہ امور اور پاک ایران گیس پائپ لائن سمیت مشرق وسطیٰ کی بدلتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔