مناسک حج کا آج سے آغاز، دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ ظہر سے پہلے منیٰ پہنچیں گے

مناسکِ حج کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، لاکھوں عازمینِ حج احرام باندھ کر منیٰ روانہ ہو رہے ہیں جہاں وہ جمعرات کی صبح تک قیام کریں گے اور پانچ نمازیں ادا کریں گے۔ نو ذوالحجہ کو حجاج میدانِ عرفات میں وقوف کریں گے، خطبہ حج سنیں گے اور ظہر و عصر کی نمازیں ادا کریں گے۔ غروب آفتاب کے بعد وہ مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں مغرب و عشاء کی نمازیں ملا کر ادا کی جائیں گی اور کنکریاں جمع کی جائیں گی۔ دس ذوالحجہ کو جمرہ عقبہ کی رمی، قربانی، اور حلق کے بعد احرام کھول دیا جائے گا۔ گیارہ سے تیرہ ذوالحجہ تک باقی جمرات کی رمی، طوافِ زیارت اور سعی کی ادائیگی کی جائے گی۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق پاکستانی عازمین کے لیے 952 بسیں، ٹرین سروس اور 4 کلومیٹر پیدل راستے کے ساتھ سعودی شٹل سروس کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں