کراچی کی تاریخ میں پہلی بار مسلسل تین روز سے زلزلے ریکارڈ کیے جا رہے ہیں، اور آج 21 واں زلزلہ محسوس کیا گیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق، آج صبح 11 بج کر 51 منٹ پر 2.0 شدت کا جھٹکا ریکارڈ ہوا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر اور مرکز ملیر کے مشرق میں 23 کلومیٹر دور تھا۔ چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر نے بتایا کہ یہ سرگرمی لانڈھی فالٹ لائن کی حرکت کا نتیجہ ہے، جو اب معمول پر آنے کے عمل سے گزر رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق، آئندہ ایک ہفتے تک معمولی شدت کے مزید جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔
