گلبرگ ٹاون کے سرکاری اسکولز کے بچوں کے لئے Prompt Engineering & Generative AI کے موضوع پر ورکشاپ ، نویں دسویں جماعت کے طلباء کی شرکت

داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے گلبرگ کیمپس میں “Prompt Engineering & Generative AI”
کے موضوع پر ایک معلوماتی اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیشن خصوصی طور پر گلبرگ ٹاؤن کے سرکاری اسکولوں کے 9ویں اور 10ویں جماعت کے طلبہ کے لیے ترتیب دیا گیا تھا۔

ورکشاپ کا مقصد نوجوان طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، خاص طور پر جنریٹیو اے آئی اور پرامپٹ انجینیئرنگ جیسے جدید شعبوں سے متعارف کرانا تھا۔ شرکاء نے سیکھا کہ کس طرح صرف ایک پرامپٹ کے ذریعے ویب ایپلیکیشنز، گرافک ڈیزائنز، پریزینٹیشنز اور دیگر تخلیقی مواد تیار کیا جا سکتا ہے۔ اس عملی تربیت نے طلبہ کے اندر تخلیقی سوچ اور ٹیکنالوجی کے ساتھ خود اعتمادی کو فروغ دیا۔

ورکشاپ کے دوران نہ صرف تعلیمی پہلوؤں پر توجہ دی گئی بلکہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے مختلف سرگرمیاں بھی شامل کی گئیں۔ طلبہ نے AI Tools کا براہِ راست استعمال کرتے ہوئے خود مختار طور پر پروجیکٹس تیار کیے۔

ٹاؤن چیئرمین جناب نصرت اللہ نے ورکشاپ کا دورہ کیا، شرکاء سے گفتگو کی، اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے داؤد یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر سمرین حسین ، ڈین ڈاکٹر عاطف جمیل، اور ٹیکنالوجی پروفیشنلز عمیر احمد اور سعد طارق کی خصوصی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان ماہرین کی محنت سے ہی یہ جدید سیشن ممکن ہو سکا۔ انہوں نے طلبہ میں تحائف بھی تقسیم کیے اور ایسے مزید پروگرامز کی ضرورت پر زور دیا۔

ورکشاپ کے اختتام پر ڈپٹی ڈائریکٹر ایجوکیشن محترمہ عائشہ قمر، جناب ظفر قریشی اور دیگر اساتذہ بھی شریک ہوئے۔ انہوں نے ورکشاپ کو سراہا اور کہا کہ یہ اقدام نہ صرف طلبہ کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ تعلیمی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے انضمام کی ایک بہترین مثال بھی ہے۔ اساتذہ اور طلبہ نے مشترکہ طور پر ایسے مزید سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ لکھیں