کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ غیر معیاری اور ناقص مشروبات کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں گلے کے امراض عام ہو گئے ہیں۔ ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بازار سے دستیاب ٹھنڈے مشروبات کے استعمال سے پرہیز کریں، کیونکہ ان میں مضر صحت کیمیکل، ناقص چینی، غیر محفوظ پانی اور آلودہ برف استعمال کی جاتی ہے۔ جناح اور سول اسپتال کے ڈاکٹروں کے مطابق گلے میں خراش، سوزش، آواز بیٹھنا، کھانسی، بخار اور جوڑوں کے درد کی شکایات بڑھتی جا رہی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عوام صرف گھر کے محفوظ مشروبات استعمال کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ غیر معیاری مشروبات کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔
