وفاقی وزارتِ خزانہ نے ماہانہ معاشی جائزہ رپورٹ میں مہنگائی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ جون 2025 میں مہنگائی کی شرح 3 سے 4 فیصد کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ مئی میں یہ شرح 1.5 سے 2 فیصد تک متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی تا اپریل کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ 1.88 ارب ڈالر سرپلس میں رہا، جبکہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں 2.8 فیصد کمی دیکھی گئی۔ اسی عرصے میں ترسیلات زر 30.9 فیصد اضافے کے ساتھ 31.21 ارب ڈالر، برآمدات 6.8 فیصد اضافے سے 27.27 ارب ڈالر اور درآمدات 11.8 فیصد اضافے سے 48.62 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔ اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں بھی بہتری کا رجحان دیکھا گیا۔ اپریل 2025 میں مہنگائی کی شرح 0.28 فیصد جبکہ جولائی 2024 تا اپریل 2025 اوسطاً 4.73 فیصد رہی۔ گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق مہنگائی کی موجودہ سطح گزشتہ 60 برسوں کی کم ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔
