جنرل سید عاصم منیر ”فاتح بھارت‘‘ بن کر اُبھرے ہیں, حالیہ پاک بھارت جنگ طاقت کا توازن بدل چکی ہے, مجیب الرحمٰن شامی

ملک کے معروف صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے روزنامہ دنیا میں شائع اپنے آرٹیکل میں لکھا ہے کہ جنرل سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا اعزاز اسی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ وہ ”فاتح بھارت‘‘ بن کر اُبھرے ہیں‘ اور جس طرح پانی پت کی تیسری لڑائی نے اس برصغیر کی تقدیر اور تصویر بدل دی تھی‘ اسی طرح حالیہ پاک بھارت جنگ بھی طاقت کا توازن بدل چکی ہے۔ پاکستان پورے قد سے بھارت کے مقابلے میں کھڑا ہے‘ خود کو دیو سمجھنے والا کھلونا بن کر رہ گیا ہے۔ اب بھارت کو اپنا رویہ بدلنا ہو گا‘ بھارتی عوام کو اپنی قیادت تبدیل کرنا ہو گی۔ ان کا ملک نہ اپنی اقلیتوں کو دبا کر رکھ سکتا ہے‘ نہ کشمیر کا مسئلہ حل کرنے سے انکار کر سکتا ہے۔ چین اس کی توسیع پسندی سے نالاں ہے‘ بنگلہ دیش بھی غلامی کی زنجیریں توڑ چکا ہے‘ نیپال اپنی آزادی پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں ہے۔ سری لنکا اور برما بھی سر جھکانے پر آمادہ نہیں ہیں۔ سکھ اپنے حقوق حاصل کرنے کے لیے بضد ہیں۔ کروڑوں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مسیحی اور دلت بھی برابر کے حقوق چاہتے ہیں۔ بھارت کو اگر وقار کے ساتھ زندہ رہنا ہے تو اسے فرقہ پرست جنونیوں سے نجات حاصل کرنا ہو گی۔ نریندر مودی جیسے انتہا پسندوں کی سرکوبی کرنا ہو گی۔ سیکولر اور جمہوری بھارت ہی اپنے مستقبل کی حفاظت کر سکے گا‘ دوسروں کو چیرنے اور پھاڑنے کی خواہش پالنے والا درندہ تو خود ٹکڑوں میں بٹ جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں