امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بھارت کو میدان میں شکست ہو چکی ہے لیکن وہ اب بھی جارحیت سے باز نہیں آ رہا، بھارت اور اسرائیل یکساں طرزِ عمل اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے برطانیہ کے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نصف عوام اسرائیل مخالف ہیں، جو عالمی سطح پر رائے عامہ کی بیداری ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے فلسطین کے لیے بھرپور حمایت اور امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انسانی بحران شدت اختیار کر چکا ہے۔ کراچی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے شہر میں شدید لوڈشیڈنگ اور پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار کیا، جبکہ کے-الیکٹرک کی مہنگی بجلی اور غیر اعلانیہ بجلی بندش پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ کم آمدن والے افراد پر ٹیکس ختم اور پیٹرولیم لیوی واپس لی جائے، جبکہ حکومت دہشتگردی کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
