میڈیا رپورٹس کے مطابق نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے پیدائش، اموات اور ازدواجی حیثیت کی رجسٹریشن کے لیے جدید موبائل ایپ متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے اب گھر بیٹھے آن لائن اندراج ممکن ہو گیا ہے۔ ابتدائی طور پر یہ سہولت صوبہ پنجاب میں دستیاب ہے جبکہ دیگر صوبوں تک اس کا دائرہ جلد وسیع کیا جائے گا۔ یونین کونسلز میں بایومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور اسلام آباد میں ون ونڈو کاؤنٹرز کے قیام کا عمل بھی جاری ہے۔ علاوہ ازیں، اسپتالوں اور طبی مراکز میں ڈیجیٹل رجسٹریشن سسٹم متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل ہیں تاکہ پیدائش و اموات کی فوری اور مستند رجسٹریشن کو یقینی بنایا جا سکے۔
