کراچی میں غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سڑک کنارے جانوروں کی خرید و فروخت پر ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ کمشنر کراچی کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق شہر کے سات اضلاع میں 14 مخصوص مقامات پر ہی منڈی لگانے کی اجازت ہوگی۔ ڈپٹی کمشنرز کو غیر قانونی منڈیاں قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی اور جانور ضبط کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ منظور شدہ مویشی منڈیوں میں پارکنگ، صفائی اور سیکیورٹی کے مکمل انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
