امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے پاک-بھارت کشیدگی پر محض بریفنگز کو ناکافی قرار دیتے ہوئے فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بجٹ سے قبل حکومت پر زور دیا کہ ماہانہ ایک لاکھ بیس ہزار روپے تک آمدن رکھنے والے افراد کو انکم ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم نے بھارت کی جانب سے پانی روکنے کو آبی جارحیت اور مودی سرکار کو امریکا کی پشت پناہی یافتہ قرار دیا۔ فلسطین پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل بمباری کے ساتھ قحط مسلط کر رہا ہے، جبکہ عالمی عدالت کے فیصلے کے باوجود عالمی برادری مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔
