لاہور ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس “ٹریفک کیاسک” سروس کا آغاز کر دیا ہے، جس کا پہلا کیبن افشاں چوک مال روڈ پر نصب کیا گیا ہے۔ اس کیاسک کے ذریعے شہری موٹر سائیکل لائسنس بنوانے اور ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے جیسی سہولیات حاصل کر سکیں گے۔ کیاسک میں ٹریفک کنٹرول کے لیے لاوڈ اسپیکر سسٹم نصب ہے اور ٹریفک وارڈنز چوبیس گھنٹے موجود ہوں گے۔ عملے کے لیے اے سی، پینے کے ٹھنڈے پانی اور آرام کی جگہ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شروع کیا گیا ہے، جس کی نگرانی ایس پی ہیڈ کوارٹرز منصور الحسن کر رہے ہیں۔ مستقبل میں گلبرگ، مال روڈ اور اقبال ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں بھی یہ سہولت متعارف کرائی جائے گی۔
