ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا باوانی چالی میں نصف درجن مسلح ڈاکوؤں نے جیولری شاپ پر دھاوا بول کر 9 تولہ سونا لوٹ لیا۔ مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی اندھا دھند فائرنگ سے دو راہگیر، 48 سالہ عمر سعید اور 47 سالہ باسط زخمی ہوگئے۔ موقع پر موجود شہریوں نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے شدید تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے نائن ایم ایم اور 30 بور پستول برآمد کی گئیں۔ زخمی راہگیروں اور ڈاکوؤں کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دیگر ڈاکو واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔
