وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ رواں سال حجاج کرام کے لیے معیاری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ سعودی عرب میں اعلیٰ درجے کی رہائش، اے سی خیمے اور سامان رکھنے کے لیے نئی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ سخت گرمی کے پیش نظر تمام خیموں میں ائیر کنڈیشنڈ نظام نصب کیا گیا ہے۔ حاجیوں کی ٹرانسپورٹ کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کی گئی ہے، جس کے تحت 70 فیصد عازمین کو میدانِ عرفات ٹرین کے ذریعے منتقل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت 89 ہزار عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 سے 2018 کے دوران کیے گئے انتظامات کو اب تک کے سب سے سستے اور مؤثر انتظامات تسلیم کیا جاتا ہے۔
