میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران 11,276 موٹر سائیکلیں اور 223 بھاری و ہلکی گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشے اور دیگر خلاف ورزیوں پر 831 کارروائیاں کی گئیں، جبکہ 25 گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخی اور 174 گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی معطلی کی سفارش کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ یا رجسٹریشن کے گاڑیاں شہریوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ ہیں۔ وزیر کا کہنا تھا کہ تمام ادارے اس مہم میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں مکمل قانونی دستاویزات کے ساتھ ہی سڑک پر لائیں، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
